• news

پاکستان مسلم لیگ جمہوریت کی بقاء اور فروغ کیلئے پرعزم ہے: مونس الٰہی 


 لاہور (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے کہا پاکستان مسلم لیگ ملک میں جمہوریت کی بقا اور فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ شہریوں کی ضروریات اور مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلم لیگ کی سیاست گڈ گورننس، انسانی ترقی، سماجی و اقتصادی ترقی، انتخابی اصلاحات اور پاکستان میں نوجوانوں، خواتین اور پسماندہ افراد کے حقوق کے گرد گھومتی ہے۔ وہ لاہور میں انٹرنیشنل ریپبلکن انسٹیٹیوٹ امریکہ کے نائب صدر سکاٹ میسٹک  (Mastic  Scott) کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ مونس الٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ ملک اور پارٹی کے اندر باہمی فیصلہ سازی کے ذریعے مضبوط جمہوری کلچر کو فروغ اور ایسے اقدامات پر بہت زور دیا ہے جو شہریوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بناتے ہیں۔ مونس الٰہی نے پاکستان میں حقیقی جمہوری ترقی اور تحقیق پر مبنی پالیسی سازی کے عمل کے فروغ کے لئے آئی آر آئی (IRI) کے کردار کو سراہا۔ سکاٹ میسٹک نے پاکستان مسلم لیگ کے ترقیاتی پروگراموں میں انسٹیٹیوٹ کے تعاون کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں  مسلم لیگ کے مشیر رضوان ممتاز علی، آئی آر آئی پاکستان کی ریزیڈنٹ ڈائریکٹر نرگس خان اور آئی آر آئی پاکستان کے جنید آفتاب بھی شریک تھے۔

ای پیپر-دی نیشن