کرونا،32اموات،5327کیسز:فتح کا اعلان قبل ازوقت،عالمی ادارہ صحت
اسلام آباد+راولپنڈی (آئی این پی+جنرل رپورٹر) ملک میں کرونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ چھ پانچ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کرونا وائرس سے 32 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 301 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 14 لاکھ 30 ہزار 366 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 327 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 80 ہزار 421، سندھ میں 5 لاکھ 43 ہزار 170، خیبر پی کے میں ایک لاکھ 94 ہزار 887، بلوچستان میں 34 ہزار 417، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 703، اسلام آباد میں ایک لاکھ 28 ہزار 429 جبکہ آزاد کشمیر میں 38 ہزار 339 کیسز رپورٹ ہوئے۔ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 50 لاکھ 73 ہزار 585 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 55 ہزار 202 نئے ٹیسٹ کئے گئے۔ اب تک 12 لاکھ 95 ہزار 390 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 500 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ بوسٹرڈوزسے قوت مدافعت میں اضافہ ہوگا‘کروناسے بچاؤکیلئے ویکسینیشن ضروری ہے‘ 55 ہزارٹیمیں گھر گھر جاکر ویکسی نیشن کریں گی‘دوہفتوں میں ساڑھے 3 کروڑ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کا ٹارگٹ ہے۔عوام کی بڑی تعداد بوسٹرڈوزلگواچکی ہے۔عوام ہرصورت ویکسی نیشن کرائیں۔منگل کو وفاقی وزیر اورسربراہ این سی اوسی اسدعمر نے میڈیا بریفننگ کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی بڑی تعداد بوسٹرڈوزلگواچکی ہے،عوام ہرصورت ویکسی نیشن کرائیں، دوہفتوں میں ساڑھے 3 کروڑ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کا ٹارگٹ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں گھرگھرجاکرویکسین لگائیگی، 18 کروڑ افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے، اومی کرون کیاثرات ویکسی نیشن والوں کوکم ہوئے۔راولپنڈی سے جنرل رپورٹر کے مطابق وقار النساء پوسٹ گریجویٹ کالج سمیت راولپنڈی میں مزید 3 تعلیمی اداروں کو کرونا کیسز کی وجہ سے سربمہر کر دیا گیا۔ ٹینچ بھاٹہ راولپنڈی اور کلرسیداں میں بھی ایک ایک گرلز سکول سربمہر کیا گیا ہے۔ اب تک 86 تعلیمی ادارے سربمہر ہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں عالمی ادارہ صحت نے انتباہ کیا ہے کہ کرونا وباء کے خلاف فتح کا اعلان قبل ازوقت ہے۔ سربراہ ڈبلیو ایچ او ٹیڈروس نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کیلئے کرونا وائرس خطرناک ہے۔ ہماری آنکھوں کے سامنے کرونا کا ارتقائی عمل ہو رہا ہے۔ کچھ ممالک میں کرونا پابندیاں ختم کرنا تشویشناک ہے۔ کرونا کے زیادہ پھیلاؤ کا مطلب زیادہ اموات ہے۔ دنیا کے بہت سے علاقوں میں اموات میں انتہائی تشویشناک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اومیکرون کے ہی اب تک 9 کروڑ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ اومیکرون کیسز کی تعداد 2020ء کے کرونا کے مجموعی کیسز سے بھی زیادہ ہے۔ ہم ممالک سے لاک ڈاؤن کی صورتحال میں واپس جانے کو نہیں کہہ رہے۔ تمام ممالک ویکسین کے ساتھ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ٹیسٹنگ اور نگرانی کا عمل جاری رکھیں۔