سردار مسعود کی امریکہ میں سفیر نامزدگی‘ انڈین میڈیا کا پراپیگنڈا مسترد: پاکستان
اسلام آباد (نامہ نگار) ترجمان دفتر خارجہ نے سردار مسعود خان کی امریکہ میں بطور پاکستانی سفیر تعیناتی کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردار مسعود خان کی امریکہ میں بطور پاکستانی سفیر نامزدگی کا معاملہ امریکی انتظامیہ کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ اس سلسلہ میں انڈین میڈیا رپورٹس پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارتی مہم کا حصہ ہے۔ ترجمان عاصم افتخار احمد نے کہا کہ انڈین میڈیا رپورٹس جعلی خبروں کو بروئے کار لاتے ہوئے سکینڈلز پر مبنی دعووں اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے پاکستان اور پاکستان کی نمائندگی کرنے والوں کو بدنام کرنے کی بھارتی مہم کا حصہ ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ سفیر مسعود خان انتہائی باصلاحیت سفارتکار ہیں اور انہیں کثیر الجہتی و دوطرفہ سفارتکاری کا چالیس سال کا تجربہ حاصل ہے۔