• news

عمران نیازی جھوٹے‘ گیلانی کا استعفیٰ پی پی کا ذاتی مسئلہ: حمزہ شہباز


لاہور (اپنے نامہ نگار سے) حمزہ شہباز نے کہا حکومت آئی ایم ایف کی غلامی کرنے جا رہی ہے۔ وہی صاف پانی کیس جس میں شہبازشریف کو گرفتار کیا گیا، کل احتساب عدالت میں 16ملزمان کو بری کر دیا گیا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ عمران نیازی کو کوئی پوچھے ہمارے ساتھی انجینئر قمر الاسلام کو جنہوں نے انتخابات سے پہلے انہیں گرفتار کر لیا جو کہ کئی مہینے پابند سلاسل رہے آپ کی آنکھوں کے سامنے عدالت نے انہیں بری کر دیا۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ عمران نیازی کے جھوٹ ایک ایک کرکے بے نقاب ہو رہے ہیں، فارن فنڈنگ کیس میں سات سال تک سٹے آرڈر کے پیچھے عمران نیازی چھپا رہا، عمران نیازی نے جھوٹ بولنے میں اور دوسرا مافیا کے ساتھ مل کر گٹھ جوڑ میں ٹاپ کیا۔ عمران نیازی کھلاڑی نہیں کھلنڈرے ہیں۔ انہیں نے پاکستان قوم اور عوام کے ساتھ تاریخی ظلم کیا۔ سٹیٹ بنک کا ترمیمی آرڈیننس بل منظور ہوا اس پر پیپلز پارٹی ہی موقف دے گی۔ یوسف رضاگیلانی کا استعفیٰ پیپلز پارٹی کا اپنا ذاتی مسئلہ ہے۔ میں پاکستانی عوام کی درد کی بات کرتا ہوں۔ حمزہ شہباز نے حکومتی ترجمانوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مزید کہا کہ حکومت چار سال میں ایک پائی بھی ثابت نہیں کر سکی۔ نیا پاکستان بنانے والے نے اس ملک کے ساتھ کھیل کھیلا ہے۔ یہ بات عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے کہی۔

ای پیپر-دی نیشن