• news

سودی نظام کا خاتمہ کرینگے‘ ملک کو اسلام کا گہوارہ بنائیں گے: سراج الحق 

 لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے اقتدار کا سورج مایوسی اور بے بسی کے ساتھ غروب ہو رہا ہے۔ خیبر پی کے  سے پی ٹی آئی کے زوال کا آغاز ہوگیا۔ تبدیلی جہاں سے لائی گئی وہیں سے واپس جا رہی ہے۔ خیبر پی کے  بلدیاتی الیکشن کے اگلے مرحلے میں پی ٹی آئی کا صوبے سے مکمل صفایا ہوجائے گا۔ حکومت کے نامہ اعمال میں ناکامیوں کے علاوہ کچھ نہیں۔ ڈالروں کے عوض ملکی خود مختاری آئی ایم ایف کو سونپ دی گئی۔ سینٹ میں حکومت اور اپوزیشن کی نورا کشتی عوام کے سامنے بے نقاب ہو گئی۔  پی ٹی آئی کی حکومت ملکی تاریخ کی واحد حکومت ہے جس کے دور میں مہنگائی کی شرح ڈبل ڈیجٹ سے نیچے نہیں آئی۔ وزیراعظم گھبرانا نہیں کی گردان چھوڑیں اور جانے کی تیاری کریں۔  حکمران طبقہ قوم کو مزید دھوکہ اور فریب نہیں دے سکتا۔ کشمیر کو بیچنے اور ملکی سالمیت آئی ایم ایف کے ہاتھوں فروخت کرنے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ عوام حکمرانوں کا الیکشن میں احتساب کریں گے۔ اہل اور ایماندار قیادت ہی ملک بچائے گی۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہے۔ اقتدار میں آکر قانون کی بالادستی قائم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چکدرہ دیرپائن میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے سابقہ رہنما حاجی امیر نوشاد خان نے سینکڑوں کارکنوں کے ہمراہ جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ امیر جماعت نے سیاسی رہنماؤں اور ورکرز کو جماعت میں شمولیت پر مبارکباد دی۔ عوامی طاقت سے اقتدار میں آکر ملک سے سودی نظام کا خاتمہ کریں گے اور اسے قرآن وسنت کا گہوارہ بنائیں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت گوادر دھرنے کے رہنما مولانا ہدایت الرحمن سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے۔ گوادر کے عوام کو دھوکا دیا گیا تو حالات مزید خراب ہوں گے۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو کراچی گوادر سے لے کر لاہور چترال تک ہر جگہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔
سراج الحق 

ای پیپر-دی نیشن