• news

کرونا،29 اموات، عوام کو ٹیسٹ خود کرنے کی اجازت ، کٹس میڈیکل سٹورز پر دستیاب

اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 6 ہزار 47 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 29 مریض اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ مزید9 ہزار 590مریض شفایاب ہو گئے۔ پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 330 کرونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس کے کل مریضوں کی تعداد 14 لاکھ 36 ہزار 413 ہو چکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس کے مزید 61 ہزار 190 ٹیسٹ کئے گئے۔ اب تک کل 2 کروڑ 51 لاکھ 34 ہزار 775 کرونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ پنجاب میں کرونا وائرس کے اب تک 4 لاکھ 82 ہزار 316 مریض پورٹ ہوئے ہیں۔ یہاں کل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 13 ہزار 185 ہو چکی ہیں۔ دریں اثناء ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے کرونا ٹیسٹ کو مزید آسان بنانے کیلئے میڈیکل سٹورز کو ٹیسٹنگ کٹ فروخت کرنے کی اجازت دے دی  جس کے تحت عوام خود ٹیسٹ کر سکیں گے جس کے بعد وہ خود کو قرنطینہ کر لیں گے۔  وفاقی وزارت صحت اور ڈریپ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ میڈیکل ڈیوائس بورڈ (ایم ڈی بی) کے 44 ویں اجلاس میں اس معاملے پر تبادلہ خیال ہوا اور کرونا ٹیسٹ کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا۔وزارت حج و عمرہ سعودی عرب نے کہا ہے کہ 12 سال سے زائد عمر کے کرونا ویکسی نیٹڈ بچے مسجد الحرام جا سکتے ہیں۔ بارہ سال سے کم عمر بچوں کو حرم میں داخلے کی اجازت نہیں۔ بارہ سال سے کم عمر کے بچے بھی ویکسین لگوا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن