• news

میڈیکل رپورٹس جعلی، نوازشریف بھاگے ہوئے بد قسمت آدمی: شیخ رشید

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 7 فروری کو سعودی عرب کے وزیر داخلہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وزارت داخلہ میں ان کے اعزاز میں ظہرانہ ہوگا اور اہم بات چیت کی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان آج چین کے دورے پر جارہے ہیں۔ ان کا چین کا دورہ تاریخی ہوگا۔ اس وقت نواز شریف کی رپورٹ ڈسکس ہورہی ہے۔ نواز شریف بھاگے ہوئے بدقسمت آدمی ہیں۔ اپوزیشن کے تلوں میں تیل نہیں۔ ان کے پلگوں میں کچرا پھنسا ہوا ہے۔ دنیا میں ایسا کوئی لیڈر نہیں ہے جو اپنے ہی ملک سے بھاگے۔  کوئی ڈیل ہورہی ہے نہ ڈھیل دی جا رہی ہے۔ نواز شریف باہر رہنا چاہتے ہیں۔ وہ بیماری سے دھوکہ دینا چاہتے ہیں اور اپنی جعلی میڈیکل رپورٹیں بنا رہے ہیں۔ 23 مارچ کو لوگ جے ٹین کے فلائنگ پاسٹ اور پریڈ دیکھیں گے یا ان کے چہرے دیکھیں گے۔  انہوں نے ان خیالات کا اظہار وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ اگلے ساٹھ دن اہم ہیں۔ اپوزیشن والے 27فروری اور 23مارچ کو بھی شوق پورا کرلیں، زیادہ شوق مولانا فضل الرحمن کو ہے۔ نواز شریف ایک بدنصیب انسان ہے جس کی میڈیکل رپورٹس جعلی ہیں۔ آج وہ مفرور ہیں، اپنی صحت تو عزیز ہے مگرلوگوں کو بیماری میں دھکا دینا چاہتے ہیں۔ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے تمام چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو تحریری طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیاکہ نہ کوئی صدارتی نظام آ رہا ہے، نہ کوئی ایمرجنسی ہو رہی ہے، نہ کوئی ڈیل یا ڈھیل ہو رہی ہے اور نہ کوئی عدم اعتماد ہونے جا رہا ہے۔ عدم اعتماد کا اگر کسی کو شوق ہے تو وہ پورا کر لے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی ٹی پی ایسے مطالبے کر رہی ہے جو کسی منتخب عوامی حکومت کے لیے قبول کرنا ممکن نہیں۔ وفاقی وزیر نے دعویٰ کیاکہ ریاست امن و مان کا مسئلہ پیدا کرنے والوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔  شیخ رشید نے کہاکہ آئی ایم ایف شوق سے کوئی نہیں جاتا ہم بھی مجبوری سے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن