• news

وزیراعظم کی آج چین روانگی، صدر ، ہم منصب سے ملاقاتیں،متعدد معاہدے ہونگے

اسلام آباد (نامہ نگار، خبرنگار خصوصی) وزیر اعظم عمران خان چینی قیادت کی خصوصی دعوت پر سرمائی اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے 3سے6 فروری 2022ء تک چین کا دورہ کریں گے۔ کابینہ کے ارکان اور اعلی سرکاری حکام سمیت اعلی سطح کا وفد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تین روزہ دورے کے دورا ن وزیراعظم عمران خان، صدر شی جن پنگ اور چینی وزیر اعظم لی چیانگ سے ملاقات کریں گے۔ پاکستان اور چینی رہنما ملاقاتوں میں سی پیک سمیت مستحکم تجارتی اور بالخصوص اقتصادی تعاون سمیت دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیں گے۔ پاکستانی اور چینی رہنما اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیر اعظم بیجنگ میں چین کے ممتاز کاروباری رہنمائوں اور چین کے سرکردہ تھنک ٹینکس، تعلیمی اداروں اور میڈیا کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم اس موقع پر دیگر دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ایک عالمی ایونٹ کے طور پر، سرمائی اولمپک گیمز کا دنیا کے لوگوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم، شمولیت اور دوستی کو فروغ دینے میں اہم کردار ہے۔ بیجنگ جلد ہی اولمپک گیمز کے موسم گرما اور سرما دونوں ایڈیشن کی میزبانی کرنے والا پہلا شہر بن جائے گا۔ یہ بات انتہائی قابل تعریف ہے کہ چینی حکومت نے کووڈ 19 وبائی امراض کے باوجود سرمائی اولمپک گیمز کے انعقاد کے لیے محتاط انتظامات کر رکھے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان شراکت داری کو بلندیوں کی نئی سطح تک لے جانے کے لیے دو طرفہ عزم کی تجدید کرے گا اور متعدد شعبوں میں تعاون کو مزید تقویت دے گا۔ اس دورے کے دوران متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن