محکمہ زراعت کے متاثرہ ملازمین کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے محکمہ زراعت واٹر مینجمنٹ ونگ کے پراجیکٹ ملازمین کے 1362 رکنی نمائندہ وفد نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ نئے ملازمین بھرتی کرنے کی بجائے پرانے تربیت یافتہ ملازمین کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ حکومت محکمہ زراعت واٹر مینجمنٹ کے پرانے تجربہ کار ملازمین کی تنخواہ اور دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ وہ محکمہ زراعت کے متاثرہ ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔ اس موقع پر وفد کے نمائندوں نے سپیکر سے درخواست کی کہ ان کی ملازمت کو تحفظ فراہم اور بیروزگار ہونے سے بچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ محکمہ کے ذیلی ادارے PIPIP کے پراجیکٹ پر کام کرتے رہے ہیں اب وہ منصوبہ ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید درخواست کی کہ اس ضمن میں جو سمری پنجاب کابینہ کو بھجوائی گئی ہے۔ اسے منظور کیا جائے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ میرے مشورے کے مطابق راولپنڈی میں پرانے تربیت یافتہ سٹاف سے کام لیا جاتا تو وہاں ڈینگی اس قدر جان لیوا ثابت نہ ہوتا، اس طرح کی غلطی دوبارہ نہ کریں۔