محاصرے، تلاشی کارروائیاں جاری، ایک اور نوجوان شہید
سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فوج نے جنوبی کشمیر میں بدھ کے روز ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا ہے ۔ بھارتی فورسز کی بھاری جمعیت نے شوپیاں ضلع کے علاقے ندی گام کو محاصرے میں لے لیا تھا۔ محاصرے اور تلاشی کارروائی کے دوران ایک نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا گیا۔شوپیاں ضلع کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیے گئے ہیں مواصلاتی رابطے بھی معطل ہیں۔ نامعلوم مسلح افراد نے ضلع کے علاقے امشی پورہ میں پولیس اہلکار پر جس کی شناخت شبیر احمد کے نام سے ہوئی ہے، فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔دوسری جانب نئی دہلی کے تہاڑ جیل میں قید کل جماعتی حرفت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں جاری قتل و غارت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوئٹرس پر زور دیا کہروہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری نسل کشی‘ ماوراء عدالت قتل‘ خواتین کی بے حرمتی اور انسانی حقوق کی دیگر خلاف ورزیوں کا سخت نوٹس لیں۔