کنگن پور: دشمنی پر فائرنگ،3 افراد قتل، تاجروں کی ہڑتال، ایک روزہ سوگ
کنگن پور، قصور (نامہ نگار، نمائندہ نوائے وقت) کنگن پور میں دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ، 3ہلاک اور 4 افرادزخمی ہوگئے۔ تفصیلات کہ مطابق فتح محمد کلاں کے رہائشی جٹ برادری کے دو گروپ میاں گامن گروپ اور میاں جج گروپ کہ درمیان دیرینہ دشمنی چلی آرہی ہے، کئی افراد قتل ہو چکے ہیں اور مقدمات چل رہے ہیں۔ صبح 8 بجے سابق ممبر ضلع کونسل میاں غلام رسول جج اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کاروں پر چونیاں تاریخ پر جا رہے تھے کہ جب وہ کنگن پور کنال ریسٹ ہائوس کہ پاس پہنچے تو مخالف میاں گامن گروپ کے گھات لگا کر چھپے ہوئے افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں میاں غلام رسول جج اور میاں بلال اور ایک راہ گیر عبدالغفار پان فروش موقع پر ہلاک ہو گئے۔ جبکہ میاں نوح، میاں شعیب و دیگر دو افراد زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ نعشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کروانے کے لیے چونیاں ہسپتال بھیج دیا ہے اور ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی اوشیخو پورہ رینج سے رپورٹ طلب کر لی۔ ڈی پی قصور صہیب اشرف موقع پر پہنچ گئے۔ دونوں گروپ کا تعلق کوٹ بسم اللہ سے تھا۔ آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ انجمن تاجران نے شٹرڈاؤن کر کے ایک روزہ سوگ کا اعلان کر دیا۔ زخمیوں میں بارہ سالہ راہگیر بچہ ہارون، محمد شعیب، انعام حسین، نوح نمبردار اور محمد حسین چار افراد شامل ہیں۔ دو افراد کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے جن کو لاہور ریفر کردیا گیا ہے۔ ملزموں کی گرفتاری کیلئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی نگرانی میں مختلف ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔ جبکہ اس افسوس ناک واقعہ پر کنگن پور کی تاجر تنظیموں نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کرکے تمام مارکیٹیں بند کردیں۔