• news

پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی، پارلیمانی سیکرٹری جویریہ ظفر پر فائرنگ، شوہر گرفتار

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے، وقائع نگار) پارلیمنٹ لاجز میں حکمران جماعت پی ٹی آئی کی خاتون رکن قومی اسمبلی، پارلیمانی سیکرٹری پر شوہر نے فائرنگ کر دی جس سے وہ بال بال محفوظ رہیں۔ تھانہ ویمن پولیس کو ایم این اے جویریہ ظفر نے بتایا کہ میں ایچ بلاک پارلیمنٹ لاجز میں فلیٹ نمبر 405 میں رہائش پذیر ہوں، میرے شوہر حیدر سے عرصہ چھ ماہ سے نکاح میں ہوں جس نے معمولی بات پر لڑائی جھگڑا شروع کر دیا۔ میں نے کہا کہ میں خلع کے لئے کورٹ جائوں گی جس پر حیدر نے مجھے اور گھر والوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینی شروع کر دیں اور الماری سے پستول نکال کر میرے سر پر تان لیا۔ میں نے مشکل سے جان بچائی اور فائر دیوار سے جا لگا۔ میں نے پولیس کو کال کی کہ اس نے ماضی میں میرے ساتھ زبردستی نکاح کیا، اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ پولیس نے زیر دفعہ 324 ت پ مقدمہ درج کرلیا۔ دوسری طرف جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان کی عدالت نے جویریہ ظفر کو مبینہ طور پر قتل کرنے کی کوشش سے متعلق کیس میں گرفتار ان کے شوہر کو جوڈیشل کردیا۔ گذشتہ روز خاتون ایم این اے کے گرفتار شوہر حیدر کو عدالت پیش کیا گیا، عدالت نے ملزم حیدر کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔

ای پیپر-دی نیشن