حضرت ابوبکرؓ کا دور خلافت اسلامی فلاحی مملکت کا کامل نمونہ ہے: اکبر نقشبندی
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)سنی اتحاد کونسل کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا ہے کہ خلیفہ اول حضرت حضرت ابوبکرؓ صدیق کا دور خلافت اسلامی فلاحی مملکت کا کامل نمونہ ہے،منشور صدیق اکبر کو دستور بنا لیا جائے تو انسانیت کی نجات کیلئے کافی ہے،جانشین رسول جیسا انسانیت کی خدمت کا جذبہ کسی حکمران میں نظر نہیں آتا،تاجدار صداقت نے اسلام اور تحفظ ناموس رسالت کیلئے ناقابل فراموش خدمات سرانجام دیں،آپ نے خلیفہ بننے کے بعد کوئی طویل تقریر نہیں کی بلکہ ایک مختصر اور جامع خطبہ کے ذریعے نظام حکومت بیان فرما دیا جو ہر حاکم اور سیاستدان کیلئے مشعل راہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجدار صداقت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرڈویژنل صدر الحاج سرفراز احمد تارڑ،پیرسید فدا حسین شاہ حافظ آبادی،مفتی غلام نبی جماعتی،قاری خادم بلال مجددی،صاحبزادہ محمد نعمان صدیقی، مفتی محمد کریم خان،مفتی محمد حسیب قادری،ارشد جاوید مصطفائی،علامہ محمد عمر صدیقی،میاں فہیم اختر،ملک بخش الٰہی،قاری خالد محمود کیلانی، حاجی غلام فرید کیلانی اور دیگر نے خطاب کیا۔