iکشمیریوں کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا کائرہ
لاہور (احسان شوکت سے)پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا کشمیر کاز کے ساتھ ایک جذباتی رشتہ ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پارٹی کی تشکیل کے دنوں میں ہی کشمیر پر ایوب حکومت کی سودے بازی کو بے نقاب کیا تھا۔ آج مسئلہ کشمیر بھٹو اور بی بی شہید کی وجہ سے ہی زندہ ہے۔ ہم بھارت کے غیر قانونی قبضے والے کشمیر میں بھارتی جبر کی شدید مذمت جبکہ کشمیریوں کی بھارتی مظالم کے خلاف آزادی کی تحریک وجدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ قمر زمان کائرہ نے ان خیالات کا اظہار یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے روزنامہ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔ بھارت کو آخرکار شکست کا سامنا ہی کرنا پڑے گا۔ کشمیریوں کی جدوجہد فیصلہ کن مراحل میں داخل ہو چکی۔ بھارت اس جدوجہد کو کچلنے کے لئے تما م تر طاقت اور درندگی کا کھلے عام مظاہرہ کر رہا ہے۔ مگر یاد رکھیں، بھارت کی کشمیر میں شکست اس کا مقدر ہے۔ بھارت انسانیت سوز اقدامات سے کشمیر کی جدوجہدآزادی کی راہ میں رکاوٹیں توکھڑی کر سکتا ہے، مگر وہ کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ انشاء اللہ بھارت کی کشمیر میں شکست اس کا مقدر ہے۔ غاصب بھارت اور اس کی فوج کشمیریوں اورحریت کانفرنس کے رہنماؤں کے ساتھ جو ظلم ڈھا رہی ہے وہ اب ساری دنیا دیکھ رہی ہے۔ اب تو برطانیہ، یورپ اور امریکہ کی پارلیمنٹ میں بھی بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کے خلاف بات ہو رہی ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ بھارت کے غیر قانونی قبضے والے کشمیر کی آزادی کے لئے حکومت سمیت تمام جماعتیں بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کریں اور ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جائے اور کشمیریوں کی آزادی کی بات کی جائے۔ انشاء اللہ کشمیر میں جلد آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی5 فروری، یوم یکجہتی کشمیر بھر پورجوش وخروش سے منائے گی اور اس سلسلے میں خصوصی پروگرامزکا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
کائرہ