• news

مسئلہ کشمیر سفارتی وفود بیرون ملک بھیجے جائیں سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے، اس وقت عالمی سطح پر قیام امن کو جن مسائل سے شدید خطرات لاحق ہیں ان میں سے بلاشبہ مسئلہ کشمیر سرفہرست ہے۔ تین ایٹمی قوتوں (پاکستان، بھارت اور چین) کے بیچ واقع خطہ جنت نظیر، وادی کشمیر پر اس وقت تک جنگ کے بادل منڈلاتے رہیں گے جب تک اس دیرینہ مسئلہ کو وہاں کی عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہ کیا جائے۔ ایک ایسا حل جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہو۔‘‘ جماعت اسلامی تحریک آزادیٔ کشمیر کی سرپرست اور پشتی بان جماعت ہے۔ 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ مسئلہ کشمیر گزشتہ 75سال سے نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کے امن کیلئے خطرہ بنا ہوا ہے۔ جنوبی ایشیا کا پورا خطہ بارود کے ایک ڈھیر پر ہے، ذرا سی چنگاری اس کو ایک لمحہ میں جلا کر راکھ کر سکتی ہے۔ لیکن آگ کو دیوتا سمجھ کر اس کی پوجا کرنے والا مودی خطے کو جنگ کی آگ کے شعلوں کے حوالے کرنے پر تلا ہوا ہے۔ پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ کشمیریوں کے ساتھ ساتھ خود پاکستانی عوام حکمرانوں کے بزدلانہ رویے کے شاکی ہیں۔ اقتدار کے ایوانوں میںمکمل خاموشی ہے۔ خطاب اور ٹویٹ کیے اور خط لکھے جارہے ہیں مگر عملاً کچھ نہیں کیا جارہا۔ بانی پاکستان قائد اعظم نے کشمیرکو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا تھا مگر ملک پر مسلط حکمرانوں نے کشمیر کی آزادی کے بلند بانگ دعووں اور وعدوں کے باوجود ہمیشہ قوم کو مایوس کیا۔ کشمیر اس وقت چاروں طرف سے محاصرے اور دنیا کی بڑی جیل کا منظر پیش کر رہا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک سفارتی ایمرجنسی کا اعلان کرے، قومی سیاسی قیادت کی کانفرنس طلب کرکے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے فوری طور پر نیشنل ایکشن پلان کا اعلان کرے اور اس پر عمل درآمد کا روڈ میپ دے۔ حکومتی اور اپوزیشن ارکان پر مشتمل سفارتی وفود بیرون ممالک بھیجے جائیں۔ آزاد کشمیر کی منتخب حکومت ان وفود کیلئے سہولت کار بنے۔ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے ایک خصوصی نائب وزیر خارجہ مقرر کیا جائے اور پاکستانی سفارت خانوں میں کشمیر ڈیسک قائم کئے جائیں۔ او آئی سی کا ہنگامی اجلاس اسلام آباد میں طلب کیا جائے اور کشمیر کی آزادی کی آواز کو پورے عالم اسلام کی آواز بنایا جائے۔ او آئی سی کے اجلاس کی طرف سے اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر پر جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا جائے۔ بھارتی آئین کی دفعہ 370 اور 35A کی منسوخی کے بعد معاہدہ تاشقند، شملہ سمجھوتہ اور اعلان لاہور کی کوئی حیثیت نہیں رہی۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن