حکومت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں اہم کردار ادا کررہی ہے شجاعت
لاہور (سید عدنان فاروق) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے یوم کشمیر پر اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کی بھر پور حمایت کرتا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) آج بھی قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات پر عمل پیرا ہے اور انہی کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق کشمیریوں کی آزادی کے حصول میں جاری جدوجہد میں شریک ہے۔ موجودہ حکومت کشمیریوں کی آزادی کے حصول میں جاری جدوجہد میں اہم رول ادا کر رہی ہے۔ نوائے وقت کو اپنے انٹرویو میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان نے ماضی اور حال میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی ظلم کو دنیا کے سامنے اجا گر کیا اور مستقبل میں بھی پاکستان اپنی اخلاقی ذمہ داری ادا کرتا رہے گا۔ پاکستان کی تمام حکومتیں اور عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ اقوام متحدہ میں کشمیر کی آزادی کی قراردادوں پر عملدرآمد کروانے کی ضرورت ہے۔ عمران خان کشمیر کا مقدمہ بڑے احسن انداز میں لڑ رہے ہیں۔ کشمیر کی آزادی کی بات جب بھی آتی ہے تمام اپوزیشن جماعتوں سمیت پوری پاکستانی قوم ایک پیج پر کھڑی ہو جاتی ہے۔
چودھری شجاعت