وزیراعظم کا دورہ پاک چین تعلقات کی وسعت میں مزید اضافہ کرے گا: فواد چودھری
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی دورہ چین کے دوران چین کی مختلف کاروباری شخصیات اور بڑے سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں ہوں گی، چین سے کئی کاروباری اور صنعتی یونٹس پاکستان منتقل ہوں گے، اس دورہ سے پاک چین گہرے تعلقات کی وسعت میں مزید اضافہ ہوگا۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے حوالے سے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعطم عمران خان اعلی سطحی وفد کے ہمراہ چین پہنچ چکے ہیں، اپنے دورہ چین کے دوران وزیراعظم عمران خان چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے، صدر شی جن پنگ دو سال بعد کسی عالمی رہنما سے ملاقات کریں گے جو وزیراعظم عمران خان ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ چین کا مقصد سرمائی اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی اور اس کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کا جذبہ خیرسگالی پہنچانا ہے۔
فواد چودھری