گلوان میں شکست کے زخم تازہ‘ بھارتی سفارتکار سرمائی اولمپکس تقریب میں شریک نہیں ہونگے
بیجنگ/ نئی دہلی (انٹرنینل ڈیسک+ شِنہوا) بھارت کے وادی گلوان میں فوجی محاذ پر شکست کے زخمی ابھی تازہ ہیں۔ 2020ء میں پیپلز لبریشن آرمی کے رجمنٹ کمانڈر چی فیبو جسے حملے کے دوران بھارتی فوجیوں نے پکڑ لیا تھا کو سرمائی اولمپکس کی مشعل دینے پر احتجاجاً نئی دہلی نے اعلان کیا ہے کہ ہمارے سفارتکار سرمائی اولمپکس کی افتتاحی و اختتامی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔ چی فیبو کے سر میں چوٹ آئی تھی چین نے اسے ہیرو قرار دیا تھا۔ چین کے صدر شی جن ینگ نے کہا ہے کہ چین دنیا کے سامنے ایک بہتر، محفوظ اور شاندار ونٹر اولمپک پیش کرنے کی پوری کوشش کرے گا۔ جمعرات کو بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے 139ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے شی نے آئی او سی کے صدر تھامس باخ اور آئی او سی کے اراکین کا بیجنگ میں پرتپاک خیر مقدم کیا۔ بیجنگ موسم بہار کے تہوار کے دوران سمر اور ونٹر اولمپک کی میزبانی کرنے والا دنیا کا پہلا شہر ہے، جہاں آئی او سی کے 139 ویں اجلاس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا، سو سالوں میں پہلی دفعہ رونما ہونے والی تبدیلیوں اور وبا کے مشترکہ اثرات کے دوران ہنگامہ خیزی اور تبدیلی کے نئے دور میں داخل ہو رہی ہے اور انسانیت کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔