• news

 ارجنٹینا میں زہر آلود کوکین کے استعمال سے 20 افراد ہلاک ‘74 ہسپتال داخل

بیونس آئرس (آئی این پی) جنوبی امریکی ملک ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں20 افراد نشہ آور مواد کوکین لینے سے ہلاک ہوگئے جبکہ 74کو ہسپتال میں داخل کرنا پڑا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے کہا ہے کہ وہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کوکین میں کیا نقصان دہ مواد شامل کیا گیا تھا۔ پولیس نے شہریوں کو خبردارکیا ہے کہ پچھلے24 گھنٹے میں خریدی جانے والی کوکین استعمال کیے بغیر ضائع کر دی جائے۔ بیونس آئرس کے سکیورٹی چیف سرگیو برنی نے ایک مقامی ٹی وی چینل کو بتایا کہ زہریلے مواد کا پتا لگانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ اسے پھیلنے سے بچایا جا سکے۔ پولیس نے ایک گھر پر چھاپہ مارکے10 افرادکو حراست میں لیا ہے جو زہر آلود کوکین کی فروخت میں ملوث ہیں۔ زہر آلودکوکین مشاہدے کے لیے لیبارٹری بھجوا دی گئی ہے۔ شہرکے تین مختلف ہسپتالوں میں کئی اموات اور زہرکے زیر اثر ہونے کے کئی کیسز رپورٹ ہونے کے بعد حکام نے فوری طور پر وارننگ جاری کی تھی۔ جبکہ بعد میں آنے والی رپورٹس کے مطابق شہرکے آٹھ ہسپتالوں میں زہر آلودکوکین سے متاثرہ افراد کا علاج کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن