افواج کا ملک اور قوم کیلئے اہم کردار:چیف جسٹس
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے 49 رکنی وفد نے لیفٹیننٹ کرنل ہاشم اقبال باجوہ کی سربراہی میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے وفد کو آئین پاکستان کا عمومی جائزہ پیش کیا۔ چیف جسٹس نے وفد کو اختیارات کی تکون سے متعلق آگاہی فراہم کی اور عدل، انصاف کی فراہمی، ملک بھر کی عدالتوں کے دائرہ اختیار سماعت بارے بریفنگ دی۔ چیف جسٹس نے وفد کو بنیادی آئینی حقوق سے متعلق آگاہ کیا۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے وفد کو بتایا افواج پاکستان کا قوم اور ملک کیلئے اہم کردار ہے۔ افواج پاکستان کا سیلاب، زلزلہ جیسی قدرتی آفات میں مخصوص اور اہم کردار ہے۔ اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے وفد کو بتایا کہ پچیسویں آئینی ترمیم کے سبب کے پی کے میں اضلاع کے انضمام سے قانون کی حکمرانی ہوگی۔ شرکاء کا سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔ بعد ازاں وفد نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو شیلڈ پیش کی۔