• news

امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل نا گزیر ہو گیا:پرویز الہی


لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط کشمیر میں آزادی کا سانس لینا مشکل کر دیا گیا ہے۔ کشمیر کو موجودہ بھارتی ظلم وجبر سے نکالنے اور خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہو گیا ہے۔ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر ترقی کا پہیہ نہیں چل سکتا۔ خطے میں امن وامان اسی صورت ممکن ہے جب کشمیر کا مسئلہ حل ہو گا۔ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سپیکر چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حق خودارادیت کیلئے ان کی جدوجہد کی بھر پور حمایت کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی74 سالہ جدو جہد کا عالمی برادری کو اعتراف کرتے ہوئے بھارتی ظلم و ستم اور زیادتیوں کا راستہ روکنے اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کو نظر انداز کرنے کی تلافی کیلئے مسئلہ کے فوری اور دیر پا حل کیلئے مدد کرنی چاہیے۔ ہماری جماعت نے کشمیریوں پر مظالم کے خلاف اور انکے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے۔ پاکستان کی کوششوں سے لگتا ہے کہ اب دنیا نے مسئلہ کشمیر پر سنجیدگی شروع کر دی ہے۔ کشمیری عوام یو این او میں کئے گئے بھارتی وعدوں پر عملدرآمد چاہتے ہیں۔ کشمیری بھارتی چنگل سے آزادی لئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اس دیرینہ مسئلہ کے پرامن حل کا دارومدار اقوام متحدہ کی قرادادوں پر ہے۔ بھارت پر دبائو ڈالا جائے کہ وہ ان قراردادوں پر عمل کرے۔  برصغیر کی تقسیم کے ایجنڈا کی تکمیل کیلئے پاکستان مسلم لیگ ان کا ساتھ دیتی رہے گی۔ بھارت کی مسلح افواج انہیں حق خودارادیت دینے کی بجائے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کا ہر ہتھکنڈا ستعمال کر رہی ہیں۔ بنیادی انسان حقوق کی کھلم کھلا دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، جبرو تشدد انتہا کو پہنچ چکا ہے مگر کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری رہنمائوں کی تجاویز پر توجہ دے۔

ای پیپر-دی نیشن