ایکسچینج کمپنیو ں کی ترسیلات سے متعلق ضابطے میں ترمیم
کراچی (کامرس رپورٹر) سٹیٹ بنک نے وفاقی حکومت کی منظوری سے ایکسچینج کمپنیوں کے لیے ایک نئی سکیم متعارف کرائی ہے۔ اس سکیم کے تحت ایکسچینج کمپنیوں کو موصول ہونے والی 100 فیصد ترسیلات زر انٹربینک مارکیٹ میں شامل کرنی ہوں گی اور ہر شامل کردہ امریکی ڈالر کے عوض انہیں ایک روپیہ ملے گا۔ایکسچینج کمپنیاں منی ٹرانسفر آپریٹرز کی مدد سے ترسیلات زر ملک کے اندربنکوں میں اپنے اکائونٹس میں لاتی ہیں۔ قبل ازیں ایکسچینج کمپنیوں پر لازم تھا کہ وہ ترسیلات زر کا کم از کم 15 فیصد انٹربنک مارکیٹ میں شامل کریں۔ سکیم پر عملدرآمد کے لیے سٹیٹ بنک نے ایکسچینج کمپنیو ں کی جانب سے آنے والی ترسیلات سے متعلق ضابطے میں ترمیم کردی ہے۔ اب ایکسچینج کمپنیاں آنے والی ترسیلات زر کی مد میں موصولہ 100 فیصد زر مبادلہ مساوی امریکی ڈالر میں اسی روز انٹربنک مارکیٹ میں شامل کریں گی،چونکہ ایکسچینج کمپنیاں کافی مقدار میں آنے والی ترسیلات زر وصول کرتی ہیں۔ اس لیے اس سکیم سے انٹربنک مارکیٹ میں زر مبادلہ کی سیالیت بہتر ہوگی۔