تجارتی منڈیوں میں سیالکوٹ کے آلات جراحی کی مانگ ہے
کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان میں تعینات قازقستان کے سفیر یرزان کستافین نے کہا ہے کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ مضبوط تعلقات ہیں، ہماری تجارتی منڈیوں میں پاکستان خصوصاً سیالکوٹ کی مصنوعات کی بہت مانگ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرجیکل ایسوسی ایشن میں اراکین سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے چیف کوآرڈینیٹر جہانگیربابر باجوہ، چیئرمین وقاص رضا، وائس چیئرمین وسیم یوسف، ذیشان طارق، محمد عارف، شبیر احمد ، بلال بھٹی اور قازقستان کی کمرشل قونصلر دلارا سمیت دیگر موجود تھے۔ قازقستان کے سفیر نے سیالکوٹ کے آلات جراحی کے برآمد کنندگان کو اپنے ملک کی تجارتی منڈیوں میں براہ راست آنے کی دعوت دی۔ اس موقع پر چیف کوآرڈینیٹر جہانگیربابرباجوہ نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں،۔چیئرمین سرجیکل ایسوسی ایشن وقاص رضانے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورقازقستان کے مابین دوطرفہ تجارت میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان سرجیکل انسٹرومنٹ سمیت دیگر تمام شعبوں کیلئے اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کرتا ہے اس لئے قازقستان کے تاجر پاکستان سے تجارت بڑھائیں۔