• news

پاکستان گیس مہنگی،ٹیکسوں میں اضافہ،مراعات ختم کرنے کا وعدہ کیا:آئی ایم ایف


اسلام آباد (عشرت جعفری) آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستان نے گیس، بجلی مہنگی کرنے، ٹیکسوں میں اضافے، معذوروں اور بزرگ شہریوں کی مراعات ختم کرنے سمیت متعدد وعدے کئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کو آمدن  بڑھانے اور  اور روز گار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے پائیدار شرح نمو کی ضرورت ہے۔ سٹیٹ بنک کی بینی فیشل اونر شپ کے معاملہ پر مارچ کے اختتام پر عمل کرنا ہو گا، پاکستان میں غربت کی شرح21,9 فیصد بتائی گئی ہے ،2021-22میں پاکستان کا ریونیو کی شرح13.3فیصد تک جانا چاہئے ،کرنٹ اکائونٹ 4 فیصد تک خسارے میں رہے گا، بجٹ کا خسارہ6.9 فیصد تک رہنے کی توقع ہے ،چھوٹے ٹیکس گزاروں کے لئے انکم ٹیکس کے نئے طریقہ کار کو متعارف کرایا جائے گا، آئی ایم ایف نے یہ بھی کہا فنانشل انٹیلی جنس یونٹ کو مزید موثر بنایا جائے۔ انکم ٹیکس میں بھی رعایات کو ختم کر دیا جائے گا  اور ماہ رواں ماہ میں پرسنل انکم ٹیکس کا مسودہ قانون تیار کر کے یکم جولائی سے اس پر عمل کو شروع کیا جائے گا، معذوروں، سینئر شہریوں  انکم  ٹیکس کے تمام کریڈٹس  اور الائونس ختم کر دیئے جائیں گے، انکم ٹیکس کے مختلف ریٹس اور انکم ٹیکس کی بریکٹس میں کمی لائی جائے گی، اوگرا قانون کو جون 22 سے پہلے منظور کرایا جائے گا اور گیس کی ساری لاگت صارف پر ڈال دی جائے گی،آئی ایم ایف نے کرونا کے باوجود  پاکستان  کی معیشت بحال رہی  ہے،حکومت نے مالی پالیسی کو مستحکم بنایا، اخراجات میں احتیاط کی وجہ سے انفراسٹرکچر اور دوسرے ضروری امور پرپیسے لگانے میں مدد ملے گی، حکومت نے پروگرام  کے ریویو میں کچھ اہداف کو مس کیا ہے جن میں سٹیٹ بنک سے قرضے لینے کا عمل بھی شامل ہے، افراط زر اوسط 8.9 رہا ملک کے پبلک ڈیٹ اور بیرونی ڈیٹ میں 2026 تک کمی آ جائے گی،آئی ایم ایف نے پاکستان سے کہا کہ ٹیکس کی بیس میں اضافہ  کیا جائے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان سے مزید ٹیکس لگانے اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے کا مطالبہ کردیا۔ آئندہ مالی سال ایف بی آر کیلئے 1155 ارب کے اضافی ٹیکس کی تجویز ہے۔ ایف بی آر ٹیکس ہدف آئندہ مالی سال کیلئے 7255 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ پٹرولیم لیوی کی مد میں 406 ارب روپے کی وصولیوں کی تجویز ہے اور براہ راست ٹیکسز کی مد میں 2711 ارب روپے وصولی ، سیلز ٹیکس کی مد میں 3295 ارب روپے وصولی کی تجویز ہے۔ کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 843 ارب روپے وصولیوں کا تخمینہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن