کشمیری 72برسوں سے بھارتی مظالم کا شکار،اقوام متحدہ آزادی دلائے:شفقت محمود
لاہور(نیوزرپورٹر)پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدرشفقت محمود نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر بن چکے ہیں اور بھارت کا مکروہ بھیانک چہرہ پوری دنیا کے سامنے عیاں کر رہے ہیں۔ بھارت میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہو چکی ہیں، بھارت کے اندر سے اٹھنے والی آوازیں نریندرمودی اور ہندوتوا کے نظریے سے شدید نفرت کا اظہار ہے۔ 5 فروری یوم یکجہتی کے حوالے سے نوائے وقت سے بات چیت میں کہا کہ کشمیری 72 سالوں سے بھارتی مظالم کا شکار ہیں اور آج بھی ان کے جذبے جواں ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ بھارت پر زور دے اور اپنی قراردادوں پر عمل کروا کے کشمیریوں کو حقیقی معنوں میں آزادی دلائے۔ان کا کہنا تھا کہ مودی ہٹلر کا گھمنڈ اور غرور جلد خاک میں ملنے والاہے او ربھارت ذلیل رسوا ہو گا اور بھارت کے کئی ٹکڑے ٹکڑے ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ 22 کروڑ پاکستانی کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔کشمیریوں کا خون ضرور رنگ لائے اور ان کی قربائیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور انہیں جلد آزادی نصیب ہوگی۔