کرونا،28اموات،6ہزار137نئے کیسز،سعودی عرب میں سفری پابندیاں مزید سخت
اسلام آباد‘ ریاض (خبر نگار + این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 28 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 6 ہزار 137 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ جبکہ مزید16 ہزار347 مریض اس سے شفایاب ہو گئے۔ پاکستان بھر میں اب تک29 ہزار448 کرونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس کے کل مریضوں کی تعداد14 لاکھ54 ہزار800 ہو چکی ہے۔ مثبت کیسزکی شرح 9.67 فیصد ریکارڈکی گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس کے مزید 63 ہزار 413 ٹیسٹ کئے گئے۔ اب تک کْل 2 کروڑ 53 لاکھ 22 ہزار 136 کرونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔ پاکستان بھر میں اب تک کْل 18 کروڑ 6 لاکھ 61 ہزار 534 کرونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ 8 کروڑ 39 لاکھ 46 ہزار 354 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔ 27 لاکھ 58 ہزار 593 افراد بوسٹر ڈوز لگوا چکے ہیں۔ سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ، 5 لاکھ 49 ہزار 872 ہو چکی ہے۔ اس سے کْل اموات 7 ہزار 878 ہو گئیں۔ پنجاب میں کرونا وائرس کے اب تک 4 لاکھ 87 ہزار 407 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کْل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں۔ جو 13 ہزار 230 ہو چکی ہیں۔ کرونا کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سعودی عرب نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں پر سفری پابندیاں مزید سخت کر دیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب آمد کے لئے ویکسی نیشن اور منفی پی سی آر یا ریپڈ ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور یہ ٹیسٹ سعودی عرب روانگی سے 48 گھنٹے کے اندر اندر ہونا ضروری ہے۔ اسی طرح سعودی عرب سے روانگی کے خواہشمند مسافروں کے لئے بوسٹر ڈوز لازمی قرار دی گئی ہے اور بوسٹر لگوائے ہوئے زیادہ سے زیادہ 3 ماہ ہوئے ہوں۔ سعودی ایوی ایشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سفری پابندیوں کا اطلاق بدھ 9 فروری سے ہو گا اور احکامات کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ جس میں مسافر کو بلیک لسٹ کرنا بھی شامل ہے۔