• news

ڈی جی خان میں فرانزک لیب بنے گی،نمائشی منصوبوں پر وسائل کا ضیاع ختم کیا:عثمان بزدار


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابق دور میں نمائشی منصوبوں کے نام پرقومی وسائل کا بے دریغ ضیاع کیا گیا۔ ہماری حکومت نے اس غلط روایت کومکمل طورپر ختم کیا ہے۔ عوام کا پیسہ عوام کی امانت ہے اوراب عوام پر ہی صرف ہو رہا ہے۔ سیاست عوامی خدمت کا نام ہے، نا کہ لوٹ مار اورکرپشن کا۔ ماضی میں سیاست کو بینک بیلنس بڑھانے کیلئے استعمال کیا گیا۔کرپشن کے ناسور نے پاکستان کو پیچھے دھکیلا۔ عمران خان کی قیادت میں لوٹ مار کے سیاسی کلچر کو دفن کیا ہے۔ پنجاب میں بااثر قبضہ مافیاکے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہے اور اربوں روپے کی قیمتی اراضی کو واگزار کرایا گیا ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر پر پیغام میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بھارت نے غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے۔ بھارت عرصہ دراز سے ماورائے عدالت کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو ہر روز بے دردی سے شہیدکیا جا رہا ہے۔ بھارتی دہشت گردی پرعالمی برادری کی خاموشی کاکوئی جواز نہیں۔ عالمی برادری کو ظلم پر بیدار ہونا پڑے گا اور بھارت کے کشمیریوں کی نسل کشی کے ذریعے اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے ناپاک عزائم ناکام ہوں گے۔ کشمیر کی آزادی اب زیادہ دور نہیں۔ علاوہ ازیںعثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کیلئے فرانزک لیب بنانے کا اعلان کیا ہے۔ جدید ترین فرانزک لیب ڈیرہ غازی خان میں بنائی جائے گی۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ فرانزک سائنسز لیب سے پولیس، پراسیکیوشن اور عدلیہ کی معاونت ممکن ہوگی۔ فرانزک سائنس ایجنسی میں جدید آلات اور پروفیشنل سٹاف ناقابل تردید حقائق فراہم کرتے ہیں۔ عثمان بزدار نے صوبے میں جاری عوامی فلاح و بہبود کے ہیلتھ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر پسماندہ علاقوں کے ہیلتھ پراجیکٹس کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ عوام کی فلاح وبہبود کے ترقیاتی منصوبوں کی خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ ملتان میں نشتر ٹو ہسپتال بہت جلد عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن