• news

عالمی برادری بھارتی مظالم کا نوٹس لے،آزادی کشمیر تک امن ممکن نہیں


لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الٰہی نے عالمی یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں پر ظلم بند کرے، آزادی کی اس جدوجہد میں ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ہیں اور ان شاء اللہ رہیں گے۔ ساری پاکستان قوم اور افواج کشمیریوں کی آزادی کی حمایت کرتی ہیں۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت تمام امن پسند عالمی تنظیمیں مودی کی امن کیخلاف سازشوں کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی جان لے کہ وہ ظلم سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہیں دبا سکتا، یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستانی قوم ایک بار پھر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ تجدید عہد کرتی ہے۔ کشمیری بھائیوں کی بھارتی چنگل سے آزادی تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کی وجہ سے خطے میں امن متاثر ہو سکتا ہے، خطے میں ترقی کا پہیہ تبھی چلے گا جب پاک بھارت تعلقات خوشگوار ہوں گے اور کشمیر کو آزادی ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن