پاکستان سپر لیگ لاہور میں استقبال کی تیاریاں فول پروف سکیورٹی کا فیصلہ
لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ سیزن 7 کے دوسرے مرحلے کیلئے لاہور میں تیاریوں کا آغاز ہو گیا ہے۔لاہور میں پی ایس ایل کے میچز 10 فروری سے شروع ہوں گے اور فائنل 27 فروری کو کھیلا جائے گا۔پاکستان سپر لیگ ایڈیشن 7 میں دلچسپ میچز کا سلسلہ نیشنل سٹیڈیم میں کراچی میںکل7 فرری تک جاری رہے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں میچز کی میزبانی لاہور کا قذافی سٹیڈیم کرے گا۔دوسرے مرحلے کیلئے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس اور اس کے اطراف میں تیاریاں شروع کردی گئیں، جہاں صفائی ستھرائی اور تزین و آرائش کا کام بھی تیز کر دیا گیا ۔سٹیڈیم کے اطراف میں اضافی لائٹس، گاڑیوں کی پارکنگ کی نشاندہی اور سڑکوں پر پینٹ کیا جارہا ہے ،ٹریفک لائنز بھی لگا دی گئیں اور فٹ پاتھ بھی رنگ دیے گئے۔لاہور میں فائنل سمیت 19 میچز کھیلے جائیں گے۔پنجاب پولیس نے پاکستان سپر لیگ کے کھلاڑیوں کو سٹیٹ گیسٹ اور وی وی آئی پی سکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔آئی جی پنجاب کی زیرصدارت پی ایس ایل کے سکیورٹی انتظامات سے متعلق اجلاس ہوا جس میں پی ایس ایل میچز کیلئے فول پروف سکیورٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کو سٹیٹ گیسٹ اور وی وی آئی پی سکیورٹی دیں گے، 550 سے زائد کیمروں سے روٹس اورسٹیڈیم کی مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ 7 ہزار سے زائد اہلکار سکیورٹی پر مامور ہوں گے۔پی ایس ایل سیون میں اپنے چاروں میچز میں شکست سے ہم کنار ہونے والی کراچی کنگز کی مشکلات کم نہیں ہو پا رہیں۔ کراچی کنگز کے بیٹر جو کلارک انجری کا شکار ہوگئے۔فرنچائز کے ترجمان کے مطابق انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ رائٹ ہینڈ بیٹسمین ران کے بالائی حصے کی مسل انجری میں مبتلا ہونے کے بعد واپس وطن لوٹ گئے۔اب جو کلارک اتوار کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں شرکت سے قاصر رہیں گے تاہم امکان ہے کہ وہ فٹنس پانے کے بعد لاہور میں ہونے والے لیگ کے دوسرے مرحلے میں اپنی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔