• news

ن لیگ،پی پی نے فضل الرحمن کو مکھی کی طرح نکال دیا:شیخ رشید


اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان کی عظیم افواج دہشت گردوں کو سبق سکھا رہی ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے یوم یک جہتی کشمیر پر مزید خلفشار اور انتشار کی باتیں کیں، اندھے خواب دیکھنے والی اپوزیشن سیاسی موت مرنے جا رہی ہے۔ میں نے کبھی آصف زرداری کو 10 پرسنٹ نہیں کہا، منی لانڈرنگ اور فیٹف کے اصل ملزم اگر اکٹھے ہو کر آنا چاہتے ہیں تو بسم اللہ۔ میں نے ان کو پہلے کہا تھا تاریخ بدلیں لیکن اب کہتا ہوں نہ بدلیں۔ بلوچستان میں دہشت گردی کے حوالے سے انہوں نے کہا جو پاکستان کے معاملات میں اسلحہ اٹھائے گا پاک فوج ذمہ داریاں نبھائے گی، پاکستان کی عظیم افواج دہشت گردوں کو سبق سکھا رہی ہیں، ہم نے دنیا میں قربانیوں کی داستان لکھی ہے، دنیا کا کوئی ملک اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ انڈین میڈیا کو دیکھیں کہ وہ عمران خان کے چین کے دورے پر کتنی تکلیف میں ہے، بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کہتے ہیں کہ عمران خان کو مکھی کی طرح نکال دیں گے، لیکن گزشتہ روز ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے فضل الرحمان کو مکھی کی طرح نکال دیا۔ مولانا کوشش کرلیں نہ اپوزیشن استعفے دے گی اور نہ ہی لانگ مارچ کامیاب ہوگا۔ منی لانڈرنگ کرنے والے کہتے ہیں ہمیں گھر بھیجیں گے، یہ منہ اور مسور کی دال۔ اپوزیشن والے تحریک عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں شوق سے لائیں، میں سب کو کہتا ہوں سارے مل کر آئیں ہمیں کوئی خطرہ نہیں۔ یہ لوگ انتشار پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں، یہ ان کی بھول ہے۔ مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ یہ اپنے لیے بڑا مسئلہ پیدا کررہے ہیں۔ یہ ہمیں کیا گھر بھیجیں گے۔ بھارت پاکستان کو نقصان پہنچانے اور بدنام کرنے کا کوئی موقع نہیں جانے دیتا۔ کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے لیکن ان سے مذاکرات کے معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتا۔ قبل از وقت کچھ نہیں کہہ سکتا، افغان طالبان کے ساتھ ہمارے تعلقات ہیں اور رہیں گے، اس حوالے سے وزیر خارجہ بہتر بتا سکتے ہیں۔ بہرحال پاکستان کی کوشش ہے کہ افغانستان میں امن ہو جائے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سعودی عرب سے ہمار ا تعلق جان اور دل سے عزیز ہے، سعودی عرب کے وزیر داخلہ پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں۔ سعودیہ میں ہمارے قیدیوں کی بازیابی کے حوالے سے بات کریں گے۔ ہم مختلف ملکوں کے ساتھ رابطے میں، جہاں ہمارے قیدی ہیں ان کو واپس لائیں گے۔ قطر، بحرین، کویت سے بھی رابطے میں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن