22 پی ٹی آئی ایم این ایز حکومت کے ساتھ نہیں چلنا چاہتے: شاہد خاقان
حیدر آباد، سانگھڑ (این این آئی، نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کو مسائل سے نکالنے کا حل عوام کے پاس جانے اور شفاف الیکشن میں ہے۔ جب بھی الیکشن کی بات آتی ہے صدارتی نظام کا شوشہ چھوڑ دیا جاتا ہے۔ غیر آئینی مداخلت ہوگی تو ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، صدارتی نظام نہ پہلے چلا اور نہ اب چلے گا۔ حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک ہر پیمانے پر زوال کا شکار ہے۔ ملک کو مسائل سے نکالنے کا حل عوام کے پاس جانے اور شفاف الیکشن میں ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ وہ پی ٹی آئی کے 22 ارکان قومی اسمبلی کو جانتے ہیں جو حکومت کے ساتھ نہیں چلنا چاہتے۔ پاکستان کے مسائل کا حل پارلیمانی جمہوری نظام میں ہے۔ ہمارے دور میں 2 سال بعد سی پیک کے معاہدے ہوئے۔ اب ساڑھے3 سال میں کوئی منصوبہ نہ مکمل ہوا نہ شروع ہوسکا۔ جتنی رقم ن لیگ دور میں سندھ کو ملی، نہ پہلے کبھی ملی اور نہ اب ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت کی بیساکھیاں ہٹیں گی تو چوبیس گھنٹے میں عدم اعتماد ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کا سینٹ اجلاس میں نہ آنا غلطی ہے۔ سینٹ اجلاس میں نہ آنے کی صفائی یوسف رضا گیلانی خود دیں گے۔ عوام نے بھی ان کی کافی سرزنش کی ہے۔ میثاق جمہوریت کا ایک مقصد تھا۔ تاریخ بتائے گی میثاق جمہوریت کے ساتھ کیا ہوا۔ ہمیں مستقبل میں پی پی کیخلاف الیکشن لڑنا ہے۔