بھارتی دہشگردی ،3کشمیری شہید:حد بندی کمشن رپورٹ مسترد کرتے ہیں
سرینگر+ جموں (کے پی آئی+اے پی پی) بھارتی فوج نے اتوار کو سامبا سیکٹر میں مزید 3 کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے۔ ڈی آئی جی۔ پی ایس سندھو کے مطابق اس واقعے کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔ ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس نے تنازعہ کشمیر کے جلد حل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ، او آئی سی، یورپی یونین اور عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔ بھارت کے خلاف جذبات بھڑکانے اور بھارت مخالف سرگرمیوںکے الزام میں کشمیری صحافی فہد شاہ کو دس دن کے لیے پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔ فہد شاہ کو گزشتہ روز پلوامہ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ کشمیروالہ کے ایڈیٹر فہد شاہ کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور بھارت مخالف جذبات بھڑکانے کے ارادے کے الزام میں تین مقدمات درج ہیں۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس اور دیگر سیاسی جماعتوں نے حد بندی کمیشن کی حالیہ رپورٹ پر شدید تنقید کی ہے۔ نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے رپورٹ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہرطرح کی منطق کی نفی کرتی ہے اور کوئی سیاسی، سماجی اور انتظامی وجہ ان سفارشات کو درست ثابت نہیں کر سکتی۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ پارٹی اب اس رپورٹ پر تفصیلی ردعمل تیار کرنے میں مصروف ہے اور اس پورے عمل کو چیلنج کرنے کے لئے دیگر راستے بھی تلاش کر رہی ہے۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے حد بندی کمشن کی عبوری رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کمشن نے آئینی ادارے کے بجائے خود کو حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کی ذیلی تنظیم ثابت کیا ہے۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے فروری کو مقبول بٹ شہید سے منسوب ماہ منانے کا اعلان کر دیا۔