اپوزیشن قوم کو تقسیم کرنے میں مصروف،عوام منفی سیاست سے متنفر:عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں کو یاد رکھنا چاہئے کہ دکھی انسانیت کی خدمت خالی تقریروں سے نہیں ہوتی۔ اپوزیشن رہنماؤں نے ساڑھے 3 برس کے دوران صرف نعرے لگائے۔ عوام ان سیاست دانوں کی منفی سیاست سے متنفر ہو چکے ہیں۔ بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں قوم کو تقسیم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کا منفی رویہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔ اپنی تمام توانائی صرف زبانی جمع خرچ پر صرف کی ہے۔ عوام کی خدمت کیلئے ان کے ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے اور تحریک انصاف کی قیادت غریب عوام کا درد سمجھتی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے غیر معمولی حالات میں بھی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا۔ وقت نے ثابت کیا ہے عمران خان کی قیادت میں حکومت نے بروقت فیصلے کئے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس میں وفاقی وزراء شفقت محمود اور مخدوم خسرو بختیار نے خصوصی شرکت کی۔ پارٹی امور اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اپنی آراء پیش کیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مشاورت کے ساتھ مضبوط امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ جماعتی بنیادوں پر الیکشن سے حقیقی قیادت نچلی سطح پر سامنے آئے گی اور براہ راست الیکشن سے بلدیات کی سیاست میں حقیقی تبدیلی رونما ہوگی۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے امور کا جائزہ لیا گیا اور لاہور میں صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ عثمان بزدار نے شہر میں صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جائے اور صفائی کے پلان کی روزانہ مانیٹرنگ کی جائے۔ شہر میں زیرو ویسٹ آپریشن کو یقینی بنایا جائے۔ صفائی کے انتظامات کے حوالے سے کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ شہریوں کو صفائی کے حوالے سے شکایت نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول دینا ایل ڈبلیو ایم سی کی ذمہ داری ہے۔ عثمان بزدار سے وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار اور نواب آف بہاولپور کے صاحبزادے نواب بہاول عباسی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے نواب بہاول عباسی کی تحریک انصاف میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انکی پی ٹی آئی میں شمولیت خوش آئند ہے۔ بہاولپور میں تحریک انصاف مزید مضبوط ہوگی۔ عمران کی قیادت میں تحریک انصاف آج بھی پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے اور بہاولپور پی ٹی آئی کا مضبوط گڑھ ہے۔ عثمان بزدار نے نارووال کے علاقے تلونڈی بھنڈراں کے مدرسے میں زہریلا کھانا کھانے سے بچوں کے بے ہوش ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اورآر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔