زرداری بھی دوڑلگا لیں اور میاں جی بھی،پیسے معاف نہیں ہونگے:فواد چودھری
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ن لیگ میں شریف خاندان کے یکطرفہ فیصلوں کی وجہ سے چوہدری نثار جیسا منجھا ہوا سیاستدان پارٹی سے کنارہ کشی کر گیا، شاہد خاقان عباسی کے تحفظات ابھی نقطہ آغاز ہے۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ 2023 سے پہلے بہت سے لوگ پارٹی میں بادشاہی نظام کے خلاف آواز بلند کر کے انہیں چھوڑ جائیں گے، پیپلز پارٹی بھی اسی صورتحال سے دوچار ہے۔ فواد چودھری نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آپ ایک تحریک چھوڑ دس لائیں۔ زرداری بھی دوڑ لگا لیں اور میاں جی بھی، کسی طور بھی پیسے معاف نہیں ہوں گے۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں دم نہیں کہ عمران خان کو ہٹا سکے۔ وزیراعظم چین کے بعد روس اور جرمنی جارہے ہیں۔ کوئی پاگل ہی ہوگا جو اس وقت اپوزیشن کے ساتھ ہوگا۔ ریاستی ادارے آئین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے تو عمران خان وزیراعظم ہائوس میں تو نہیں بیٹھیں گے۔ یہ سارے مل بھی جائیں تو عمران خان کو نہیں ہٹا سکتے۔