حکومت کو کرتوتوں پر خوفزدہ ہونا چاہیے،پوری کوشش ہے گھر چلی جائے،شہباز شریف
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے شہباز شریف نے کہا کہ اپنی کرتوتوں کی وجہ سے انہیں خوفزدہ ہونا چاہیے، ملک میں تباہی ہے‘ کرپشن ہے‘ غریب آدمی کو تباہ حال کر دیا ہے۔ مہنگائی آسمانوں سے بات کر رہی ہے، کرپشن کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کہہ رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں کہ کیا حکومت گھر چلی جائے گی، شہباز شریف نے کہا کہ یہ تو اللہ تعالیٰ کو پتا ہے لیکن ہماری پوری کوشش ہے۔ قبل ازیں احتساب عدالت کے جج ساجد علی اعوان نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس کی سماعت 15فروری تک ملتوی کرتے ہوئے مزید گواہوں کو طلب کرلیا ہے۔ جبکہ رمضان شوگر ملز میں حمزہ شہباز کی بریت درخواست پر مزید دلائل طلب کرلئے ہیں۔ حمزہ شہباز کے وکیل نے رمضان شوگر ملز کیس میں بریت کی درخواست پر دلائل میں کہا کہ رمضان شوگر ملز کیس مفروضوں پر بنایا گیا ہے، رمضان شوگر مز کیس میں حمزہ شہباز کے خلاف جرم ثابت ہونے کا کوئی امکان نہیں، حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد انہیں دوبارہ گرفتار کیا گیا۔ سماعت کے دوران شہباز شریف نے بیان دیا کہ ڈاکٹر نے کہا ہے کہ میں ہجوم میں نہ جاؤں۔ گواہ سجاد نے بینک ریکارڈ داخل کر دیا ہے۔ رمضان شوگر مل ریفرنس میں حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست پر دلائل مکمل نہ ہو سکے۔