15 فروری تک 50 فیصد‘ 16 سے 100 فیصد گنجائش کیساتھ میچ دیکھنے کی اجازت
لاہور (سپورٹس رپورٹر+ اے پی پی) پی ایس ایل سیون کے حوالے سے این سی او سی نے لاہور کے میچز میں پچاس فیصد شائقین کو سٹیڈیم داخلے کی اجازت کا فیصلہ کیا ہے۔ 16 فروری سے سو فیصد شائقین سٹیڈیم آسکیں گے۔ میچز میں کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا جبکہ ویکسی نیشن مکمل کروانے والے افراد ہی سٹیڈیم میں داخل ہو سکیں گے۔ 16 فروری سے این سی او سی کے مطابق 12 سال سے کم عمر کے بغیر ویکسین لگوائے بچوں کو بھی سٹیڈیم آنے کی اجازت ہو گی۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل7 کے میچز کے دوران رینجرز کے دستے تعینات ہوں گے۔ ایچ بی ایل بی ایس ایل کے لئے فول پروف سکیورٹی کے لئے محکمہ داخلہ پنجاب، سکیورٹی اداروں اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں لاہور میں پی ایس ایل میچز کے لئے رینجرز کے دستے تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں، آفیشلز، تماشائیوں کی سکیورٹی کے حوالے سے ٹرپل سٹیپ انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ کھلاڑیوں کے ہوٹل سے لے کر قذافی سٹیڈیم پہنچنے اور واپس ہوٹل پہنچنے تک مسلح دستے کھلاڑیوں کی ٹرانسپورٹ کے ساتھ موومنٹ رکھیں گے۔ قذافی سٹیڈیم اور گردونواح کے علاقوں کی دن میں دو بار سرچنگ کے ساتھ ساتھ فضائی نگرانی کی بھی کی جائے گی۔ سٹیڈیم میں داخلے کے لئے تماشائیوں کو ٹکٹ کے ساتھ اصل شناختی کارڈ لانا ہوگا۔