• news

جیسن روئے کی سنچری، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی


لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اوپنر جیسن روئے کی شاندار سنچری کی بدولت لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 205 رنز کا ہدف کوئٹہ نے 20 ویں اوور میں مکمل کرلیا۔ جیسن روئے 57 گیندوں پر 116 رنز بناکر نمایاں رہے، ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 204 رنز بنائے، فخر زمان 70 رنز بناکر نمایاں رہے۔ 205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آغاز دھواں دار رہا۔ اوپنر جیسن روئے نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شاٹس لگائے۔ تاہم جب ٹیم کا سکور 71 رنز پر پہنچا تو اوپنر احسان علی 7 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے جس کے بعد جیسن روئے نے قلندرز کے بولرز پر لاٹھی چارج شروع کردیا اور سنچری مکمل کی۔ تاہم جیمز ونز کے ساتھ 96 رنز کی شراکت داری قائم ہونے کے بعد روئے 57 گیندوں پر 116 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن