دہشتگردی کے خاتمے تک قوم کو تحفظ فراہم نہیں کیا جاسکتا:جاوید قصوری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کرم ایجنسی میں دہشت گردوں کے حملے میں5فوجی نوجوانوں کی شہادت انتہائی قابل مذمت ہے۔ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ملک و قوم کو تحفظ فراہم نہیں کیا جاسکتا۔ جماعت اسلامی شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ ذمہ داران کو جلد گرفتار کر کے عبرت کا نشان بنایا جائے۔دشمن کو منہ توڑ جواب دینا ہوگا۔ لاہور اور جھنگ میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ پاکستانی قوم نے 2 دہائیوں سے دہشت گردی کا جرات ،بہادری اور جوانمردی سے مقابلہ کیا ہے۔ 80ہزار جانوں کا نذرانہ دے کر دشمنوں کو پیغام پہنچایا ہے کہ ہم ڈرنے والے نہیں۔ ہندوستان ، امریکہ اور اسرائیل گٹھ جوڑ کرکے اپنے آلہ کاروں کے ذریعے پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ وہ کبھی کامیاب نہیں ہوںگے۔ اس حوالے سے قوم کو اتحاد اور یکجہتی کو مظاہر ہ کرنا ہوگا۔