• news

سب اچھا کی رپورٹ نہیں چلے گی،ذمہ داران کیخلاف کارروائی ہوگی، آئی جی 

لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا کہ اب سب اچھا کی رپورٹ نہیں چلے گی اور عوامی مسائل میں دلچسپی نہ لینے والے افسران و اہلکاروں کو فیلڈ پوسٹنگ سے ہٹا یا جائیگا۔ ایف آئی آر کا اندارج نہ کرنے اور بلاوجہ تاخیر کرنیوالوں کیخلاف بھی سخت ایکشن لیا جائیگا اور اچھا کام نہ کرنے والے افسران کی اے سی آر اچھی نہیں لکھی جائیگی۔ جب تک مجرم کو سزا نہ مل جائے تب تک پولیس کا کام ختم نہیں ہوتا اس لئے افسران کئی سالوں سے زیر تفتیش مقدمات کو کھولیں اور زیرالتوا کیسز کو ذاتی دلچسپی لے کر حل کریں۔ یہ سپروائزری افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ ایسے ہائی پروفائل کیسز کی خود نگرانی کریں اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے انویسٹی گیشن کے مراحل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے نتائج حاصل کریں۔یہ ہدایات انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ آر پی اوز ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران صوبے کے تمام ریجنل افسران کو جاری کیں۔ دوران کانفرنس امن و امان کی صورتحال اور جرائم کی روک تھام کے لیے تمام افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ خواتین اور بچوں سے زیادتی اور اغواء برائے تاوان کے واقعات میں ملوث ملزمان کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور ایسے کیسز میں بلا وجہ تاخیر ثابت ہونے پر ذمہ دار افسر و اہلکار کے خلاف فورا محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن