وزیراعظم، آرمی چیف کا دورہ نوشکی پاکستان دشمنوں کیلئے واضح پیغام تجزیہ: محمد اکرم چودھری
نوشکی سے پاکستان دشمنوں کو بھرپور جواب اور واضح پیغام گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے فوجی جوانوں کی حوصلہ افزائی دراصل پاکستان میں امن کو تباہ کرنے والوں کو پیغام ہے کہ دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے سیاسی و عسکری قیادت ایک ہے۔ پاکستان کے دشمنوں کا قلع قمع کرنے کے لیے سیاسی و عسکری کی کوئی تقسیم نہیں ہے۔ جب بھی دشمن پاکستان کے امن پر حملہ کرے گا اسے منہ کی کھانا پڑے گی۔ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نوشکی میں دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کرنے والے فوجی جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف نے فوجی جوانوں سے خطاب بھی کیا۔ پاکستان میں امن قائم ہونے کے بعد دشمن اسے تباہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ ماضی میں پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر تنہا کرنے کی کوششیں کی گئیں۔ ایک موقع ایسا بھی تھا جب پاکستان دنیا میں تنہا تھا، پھر افواج پاکستان، حساس اداروں، رینجرز اور پولیس کے بہادر جوانوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر امن کو بحال کیا۔ اب پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ واپس آ چکی ہے۔ ان دنوں بھی پاکستان سپر لیگ کے مقابلے جاری ہیں۔ دنیا بھر سے نمایاں کھلاڑی پہلے کراچی اور دس تاریخ سے لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ یہ خوشیاں پاکستان کے دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہیں۔ چھپ کر وار کرنے والا بزدل دشمن ایک مرتبہ پھر متحرک ہے۔ ایک مرتبہ پھر افواج پاکستان کے جوان دشمن کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے میدان عمل میں ہیں۔ نوشکی ہو یا کوئی علاقہ دشمن کو ہر جگہ منہ کی کھانا پڑے گی۔ وہ لوگ جنہیں دفاعی بجٹ پر اعتراض ہے انہیں دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں پر کبھی بولنے کی توفیق نہیں ہوتی۔ پرامن اور ترقی کرتا ہوا پاکستان ہی حقیقی پاکستان ہے۔