ایوان بالا: وزرا اپوزیشن کو واپس لانے کی بجائے طنز کر تیر برساتے رہے
ایوان بالا کا اجلاس وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت کی غیر حاضری اپوزیشن کا واک آؤٹ، وزراء خالی کرسیوں پر گرجتے رہے۔ قائد ایوان اور وزراء اپوزیشن کو منا کر ایوان میں واپس لانے کی بجائے طنزوتنقید کے تیر برساتے رہے۔ حکومتی سینیٹرز کورم پورا نہ کر سکے سینیٹر قراۃ العین کی کورم نشاندہی پر ڈپٹی چیئرمین مرزا محمد آفریدی نے تیس منٹ کے وقفے کے بعد دوبارہ اجلاس بلایا توکچھ دیر کیلئے کورم مکمل رہا اسکے بعد پھر حکومتی سینیٹرز ایوان سے جانا شروع ہو گئے۔ اپوزیشن کے ایوان سے واک آؤٹ کے بعد اپوزیشن بنچز خالی پڑے رہے اور حکومتی وزراء نے اپوزیشن کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھا کر خوب بھڑاس نکالی۔ قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم، سیف اللہ نیازی، وزیر مواصلات مراد سعید، وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان، وزیر سائنس وٹیکنالوجی شبلی فراز ٹریری بنچز کی پہلی صف میں ڈٹے رہے تاہم پیچھے ایوان میں حکومتی بنچز خالی پڑے رہے۔ مسلم لیگ (ق) کے سینیٹر کامل علی آغا وزیر موصلات مراد سعید کی تقریر کے دوران بیٹھے مسکراتے رہے۔