• news

خیبر پی کے بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کا، فیصلہ معطل، پولنگ31 مارچ کو ہوگی

اسلام آباد+ پشاور( خصوصی رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ ) سپریم کورٹ نے کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا۔ سماعت جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس عائشہ اے ملک پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ الیکشن کمشن کے وکیل افنان کریم کنڈی نے موقف اپنایا کہ پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد بنچ نے الیکشن کمشن کو سنے بغیر بلدیاتی انتخابات کا شیڈول موخر کر دیا، یکم فروری کی سماعت کا نوٹس دو فروری کو موصول ہوا، جس کی وجہ سے الیکشن کمشن ہائیکورٹ کے سامنے اپنا موقف نہیں دے سکا۔ الیکشن کمشن کو نوٹس ملنے تک ہائیکورٹ بلدیاتی انتخابات موخر کر چکا تھا۔ الیکشن کمشن کے وکیل نے کہا کیس میں اہم بات یہ بھی ہے کہ ہائیکورٹ میں پانچ اضلاع میں الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی گئی تھی تاہم ہائیکورٹ نے پانچ اضلاع کے شیڈول موخر کرنے کی درخواست پر 18 اضلاع کا الیکشن موخر کر دیا گیا۔ دوسری جانب ہائیکورٹ کے سامنے درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ موسمی حالات کے پیش نظر 27 مارچ کو انتخابات نہیں ہو سکتے اس لئے ہائیکورٹ نے یہ حکم دیا۔ جس پر جسٹس عائشہ اے ملک نے کہا ہائیکورٹ کو فیصلے سے پہلے الیکشن کمشن کا موقف سننا چاہیے تھا، اور اس بات کی تصدیق بھی نہیں ہوئی کہ کے پی میں موسمی حالات الیکشن میں رکاوٹ ڈال سکتے ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا محکمہ موسمیات کی رپورٹ کو الیکشن کمشن نے دیکھنا تھا عدالت نے نہیں، ہائیکورٹ کو فیصلہ دینے کی اتنی جلدی کیا تھی؟۔ سن کر بھی فیصلہ کیا جا سکتا تھا جس کے بعد معزز عدالت نے ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے۔ کیس کی مزید سماعت پیر 14 فروری تک ملتوی کردی۔ الیکشن کمشن نے خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا نظرثانی شدہ شیڈول جاری کردیا۔ الیکشن کمشن کے مطابق پولنگ 31 مارچ کو ہوگی، کاغذات نامزدگی 14 تا 18 فروری تک جمع ہوں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 21 تا 23 فروری تک ہوگی۔ امیدواروں کو نشانات 4 مارچ کو الاٹ کئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن