قصور پیپر ملز میں ہولناک آتشزدگی، 2 مزدور زندہ جل گئے، کروڑوں کا نقصان
مریدکے، قصور (نامہ نگار، نمائندہ نوائے وقت) قصور میں پیپر ملز، مریدکے شیخوپورہ روڈ پر واقع جوتوں کی فیکٹری میں آگ بھڑکنے سے 2 مزدور زندہ جل گئے، 2افراد زخمی ہوگئے، کروڑوںروپے کا نقصان ہوا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ دن گیارہ بج کر پینتالیس منٹ پر لگی۔ سروس گلوبل فٹ ویئر لمیٹیڈ کے کیمیکل سٹور اور گودام میں لگنے والی آگ پر ریسکیو1122 کے اہلکاروں نے اڑھائی گھنٹوں کی محنت کے بعد قابو پایا۔ لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ اور مریدکے کی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ تاہم اس کے نقصان کا تخمینہ ڈھائی کروڑ روپے بتایا جاتا ہے۔ گودام میں ایکسپورٹ کوالٹی کے بیس ہزار تیار شوز اور ان کی تیاری میں استعمال ہونے والا کیمیائی محلول بھی جلا، دھوئیں کے بادل میلوں دور سے دکھائی دیتے رہے۔ ریسکیو آپریشن کی نگرانی انچارج ریسکیو سیفٹی آفیسر میڈم صباحت خورشید نے کی۔ بتایا جاتا ہے کہ کوٹ رادھا کشن روڈ پر شیخم میں واقع بلھے شاہ پیپر ملز میں آگ لگنے سے دو مزدور محمد امجد اور مقصود احمد زندہ جل گئے جبکہ 2 مزدور زخمی ہوگئے، تیسرے کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ شعلے 10 کلومیٹر دور سے دکھائی دیتے رہے۔ آگ دیکھتے ہی دیکھتے 4 ایکڑ رقبے پر پھیل گئی۔ آگ پر قابو پانے کیلئے پتوکی، اوکاڑہ اور لاہور سے گاڑیاں منگوائی گئیں۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ کروڑوں کا مال، مشینری، بلڈنگ جل گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نوٹس لے لیا۔ کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے آتشزدگی سے 2 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔مزدور امجد کمبوہ جس کا تعلق کوٹ رادھا کشن اور مقصود جس کا تعلق لاہور سے ہے‘ مغرب کی نماز پڑھتے ہوئے زد میں آ گئے۔ بعدازاں نعشیں نکال لی گئیں۔ جبکہ ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے بتایا دو افراد امجد اور مقصود جاں بحق ہوئے جبکہ دو زخمی ہیں۔ آگ بھڑکنے کی وجہ فیکٹری میں موجود گتہ ہے جبکہ کروڑوں کا کاغذ بھی راکھ ہوچکا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر اورنگزیب سدھو بھی موجود تھے۔