• news

فضل گورو کی برسی: کشمیریوں کا یوم سیاہ، ہڑتال: اسلام آباد، بھارتی ہائی کمشن کے سامنے مظاہرہ

سرینگر‘ اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک+ این این آئی)  بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کشمیر کے سپوت محمد افضل گورو کے 9 ویں یوم شہادت پر مکمل ہڑتال کی اور یوم سیاہ منایا گیا۔ ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیرقانونی طور پر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ‘ میر واعظ عمر فاروق اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے دے رکھی تھی۔ قابض انتظامیہ نے بھارت کی مسلسل ریاستی دہشت گردی کے خلاف کشمیریوں کو احتجاجی مظاہروں سے روکنے کیلئے وادی میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر دیئے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں سید بشیر اندرانی اور خواجہ فردوس‘ بلال صدیقی‘ خادم حسین‘ سبط شبیر قمی و دیگر نے سری نگر میں جاری اپنے مشترکہ بیان میں محمد افضل گورو اور محمد مقبول بٹ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ حل کیا جائے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنماؤں عبدالمجید ملک‘ قاضی عمران اور خالد شبیر نے اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ محمد افضل گورو اور محمد مقبول بٹ کشمیر کی جاری تحریک آزادی کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے ان عظیم ہیروز کو سلام پیش کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی غیرقانونی بھارتی تسلط سے آزادی تک شہداء کے مشن کو جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ ادھر آل پارٹیز حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر لبریشن سیل میڈیا ونگ کے زیراہتمام حریت رہنما افضل گورو شہید کی برسی کے موقع پر بھارتی ہائی کمشن کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ حریت کانفرنس کے قائدین محمد فاروق رحمانی، سید فیض نقشبندی، سرور حسین گلگتی، محمود احمد ساغر، پرویز احمد ایڈووکیٹ، عبد المجید میر، عبد المجید ملک، شمیم شال، راجہ خان افسر خان، نجیب الغفور خان سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے شہداء کی تحریکی خدمات کو اجاگر کیا۔ قائدین نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی جانب سے حریت قائدین پر بے بنیاد مقدمات کا نوٹس لے اور ان کے عدالتی قتل کا سلسلہ رکوانے میں اپنا اہم کردار ادا کرے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں‘ اقوام عالم بھارتی مظالم کا نوٹس لیں‘  اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے۔ دریں اثناء مقبول بٹ شہید کی برسی کل منائی جائیگی۔

ای پیپر-دی نیشن