وزیراعظم نے 10چمچوں کو سرٹیفکیٹ بانٹے بلاول وزارت معیشت خارجہ پانی بجلی محروم رہیں مریم
ملتان( نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اپنے 10 چمچوں میں سرٹیفکیٹ بانٹ دیئے۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی نے نالائق حکومت کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے اور سلیکٹڈ کٹھ پتلی نظام کے خاتمے کا بندوبست کرنا ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری اور غربت آج ہے تو کل تک کیسے انتظار کر سکتے ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم 27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے، اسلام آباد پہنچیں گے اور وزیراعظم سے حساب لیں گے۔ عدم اعتماد کی عوامی مہم چلانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر تباہی کی جا رہی ہے۔ تاریخ کی سب سے بڑی کرپشن خان صاحب نے کی ہے۔ میرے خیال میں خان صاحب نے ہر کسی کو چھوڑ دیا ہے، ہم تو کہیں بھاگے بھی نہیں، زرداری، آصفہ بھی موجود ہے، پکڑ سکتے ہو تو پکڑو۔ آپ نے جو الزام لگایا ہے ہم اس سے بری ہوں گے۔ مشرف بھگوڑا ہو گیا ہے جو چور چور کہتے نہیں تھکتا تھا، اب نیا آیا ہے جو چور چور کہہ رہا ہے، ان کے ساتھ بھی یہی ہونا ہے۔ کراچی کا ایک وزیر پہلے نوکری سے نکالا گیا پھر وزارت سے نکالا گیا، اب ایک وزارت میں بیٹھ کر کام کر رہا ہے، ایک وزیر نے 90 دن میں صوبہ دینا تھا۔ وزیر خارجہ کو کاغذ کا سرٹیفکیٹ بھی نہیں دیا گیا، یہ ملتان سے ناانصافی ہے، چین کا دورہ اتنا کامیاب تھا تو سرٹیفکیٹ کہاں گیا۔ خان صاحب نے اپنے 10 چمچوں کو سرٹیفکیٹ بانٹ دیا ہے، کابینہ کے باقی ممبرز پر خان صاحب کو اعتماد نہیں ہے۔ مارچ شروع ہونے سے پہلے ایک وکٹ گرچکی ہے، عدم اعتماد میں تھوڑی تبدیلی نظر آنا شروع ہو گئی ہے، عدم اعتماد لائیں گے تو پورے ملک کو نظر آئے گا کہ کون خان صاحب کے ساتھ کھڑا ہے۔
بلاول
اسلام آباد (وقائع نگار) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کی تمام تقاریر ڈوبتی کشتی بچانے کی چیخیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ارکان کشتی سے چھلانگ لگانے کیلئے تیار بیٹھے ہیں، اتحادی بھی ان کی ناکامی کا بوجھ نہیں اٹھائیں گے، حالات کسی اور وجہ سے نہیں ان کی ناکامی، تاریخی مہنگائی اور سر اٹھاتی دہشت گردی کی وجہ سے بدلے۔ مریم نے کہا کہ حالات سازگار ہیں، عدم اعتماد کی کوشش ضرور کامیاب ہوگی۔ وزیر اعظم کو اپنی ناکامیوں کا بخوبی اندازہ ہے۔ معیشت، خارجہ اور پانی وبجلی کی وزارت کو تمغے نہیں ملے۔ مریم نواز نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری نہیں فرض ہے کہ عمران خان کے عذاب سے قوم کو نجات دلائی جائے۔ میاں صاحب عدم اعتماد کے قائل نہیں تھے، اللہ تعالی کا شکر ادا کرتی ہوں سچ کو ایک دن سامنے آنا ہوتا ہے۔ جج صاحبان نے جس طرح سوال کیے نیب کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔ عدالت نے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کردیا گیا۔ عوامی عدم اعتماد کے بعد وزراء اور ممبران اسمبلی بھی تیار بیٹھے ہیں عدم اعتماد کے لیے۔ عمران خان کی پارٹی آج کے بعد آپ کو کہیں نظر نہیں آئے گئی، عمران خان اور انکی پارٹی جب عوام میں جائیں تو مشورہ ہے ہیلمٹ ضرور پہنیں۔ مریم نواز نے کہا کہ تاریخ کے سب سے بڑے کرپٹ اور چور عمران خان کے ساتھی ہیں۔ ایک ایک کروڑ دے کر ایس ایچ اوز لگ رہے ہیں۔ عمران خان اپنی تقریروں میں چور ڈاکو کے نعرے چھوڑیں، یہ بتائیں عدالتوں سے ہمارے حق میں گواہیاں آرہی ہیں۔ پندرہ فیصد تنخواہیں بڑھنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ عمران خان کی اپنی تقریریں اپنی ڈوبتی کشتی کی نشانی ہیں، عمران خان کو پتہ ہے انکے ممبران چھلانگ لگانے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔ اپوزیشن نے عوام کی پکار پر لبیک نہ کہا تو سیاسی جماعتیں بھی اتنی ہی ذمہ دار ہوں گی۔ عوام کی تکلیفوں مہنگائی اور عذاب کو فرض سمجھ کر ادا کرنی ہو گی، عمران خان اور انکی حکومت کسی کے لیے قابل برداشت نہیں، فوجی اہلکاروں کے گھروں کو بھی مہنگائی نے بری طرح متاثر کیا، وہ سکیورٹی پر توجہ دیں یا گھر کے کچن پر توجہ دیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فیل وزارتیں نہیں فیل عمران صاحب کی وزارت عظمیٰ ہے۔ عمران خان کو کارکردگی کے نہیں آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی چوری کے ایوارڈ دینے چاہئیں۔ جب تک فیل وزیراعظم گھر نہیں جائے گا معیشت، دفاع، خارجہ، پٹرولیم، توانائی اطلاعات سب فیل ہوں گے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران صاحب نے وزارتوں کی کارکردگی رپورٹ نہیں اپنی فیلڈ کارکردگی پیش کی ہے۔ جو وزیر فیل ہوئے ہیں وہ دْکھی نہ ہوں مزید چوری، لوٹ مار اور جھوٹ پر توجہ دیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی اپنی کارکردگی صفر ہے، انہیں گوئبلز ہی تعریفی سند دے سکتے ہیں۔ اپنے بیان میں قادر پٹیل نے کہاکہ مراد سعید سخت محنت اور حسن کارکردگی کے بنیاد پر پہلے نمبر پر آئے ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ شاہ محمود قریشی اور فواد چودھری کی حیثیت چھان بورا جیسی رہ گئی۔
مریم نواز