• news

12نئی یونیورسٹیوں کی منظوری اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے عثمان بزدار اسد قیصر

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن اکٹھی ہو کر بھی وزیراعظم عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ اپوزیشن جماعتوں کا ہر شوشہ ناکام رہا ہے۔ عمران خان کی قیادت میں ملکی دولت لوٹنے والوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ استعفوں، لانگ مارچ اور عدم اعتماد کی باتیں سن کر عوام تنگ آ چکے ہیں۔ اپوزیشن میں لانگ مارچ کرنے، استعفے دینے اور عدم اعتماد لانے کی ہمت ہی نہیں۔ یہ لوگ صرف اپنے آپ کو میڈیا میں ز ندہ رکھنا چاہتے ہیں۔ عوام جان چکے ہیں کہ اپوزیشن کے پاس فلاح عامہ کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ قوم کل بھی وزیراعظم عمران خان کے سا تھ تھی، آج بھی ہے اور کل بھی رہے گی۔ وزیراعلیٰ  سے معاون خصوصی سید رفاقت علی گیلانی نے ملاقات کی۔ سید رفاقت علی گیلانی نے وزیراعلیٰ کو اپنے علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ عثمان بزدار نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ترقی کے سفر کو پسماندہ علاقوں تک لے کر گئے ہیں۔ وسائل کا رخ نظر انداز شہروں کی جانب موڑا ہے۔ سابق دور کی طرح صرف مخصوص شہروں کو ترقیاتی فنڈز نہیں دیئے۔ ماضی میں قومی وسائل کو نمائشی منصوبوں کی نذر کرکے ملک و قوم سے ظلم کیا گیا۔ اپوزیشن نے کھوکھلے نعرے لگا کر سب کو مایوس کیا۔ پی ڈی ایم نے قوم کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ عثمان بزدار سے  سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار اور سپیکر  اسد قیصرنے اپوزیشن کی منفی سیاست کی مذمت کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ کہاکہ عدم اعتماد کی باتیں کرنے والوں نے پہلے استعفوں اور لانگ مارچ کے نعرے لگائے۔ عدم اعتماد کا شوشہ لانگ مارچ سے راہ فرار کے لئے چھوڑا گیا ہے۔ لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ، حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ پاکستان کی ناکام ترین اپوزیشن کو ہر موقع پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پنجاب میں اتحادی جماعت کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں۔ پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود سب سے زیادہ مقدم ہے۔ اسد قیصر نے نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجراء  پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے اقدام کی تعریف کی اور کہا کہ پنجاب حکومت نے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کا پروگرام متعارف کرا کر دکھی انسانیت کی حقیقی خدمت کی ہے۔ اپوزیشن کی سیاسی انتشار پھیلانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ عثمان بزدار سے  صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے نئی یونیورسٹیوں کے قیام کے لئے فوری اقدامات اور چارٹر کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی اور کہاکہ 12نئی یونیورسٹیاں پنجاب کے مختلف اضلاع میں قائم کی جائیں گی۔

بزدار 

ای پیپر-دی نیشن