پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ،حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری
لاہور (نیوز رپورٹر) صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمشن نے حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری کر دی۔ الیکشن کمشن کے27دسمبر 2021 کو جاری کردہ شیڈول کے مطابق حلقہ بندی کمیٹیوں کی طرف سے صوبہ پنجاب کے تمام 36اضلاع میں حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستیں ضلعی دفاتر میں عوام کے معائنہ کیلئے آویزاں کر دی گئی ہیں۔ پنجاب کے 36اضلاع میں 2544نیبر ہڈ کونسلز اور 3128ویلج کونسلز تشکیل دی گئی ہیں۔ 11فروری 2022 سے 25فروری 2022 تک متعلقہ ووٹرز، الیکشن کمیشن کی طرف سے مقرر کردہ حلقہ بندی اتھارٹی کے پاس حلقہ بندی کے حوالے سے اعتراضات دائر کر سکیں گے۔ جبکہ حلقہ بندی اتھارٹیز 11فروری سے 12مارچ 2022 تک ان اعتراضات کی شنوائی کریں گی اور فیصلے صادر کریں گی۔ حتمی فہرست 22مارچ 2022کو جاری کر دی جائیگی۔