سیاسی نظام ناکام، سراج الحق، مہنگائی کیخلاف شیخوپورہ میں آج پہلا دھرنا
لاہور، شیخوپورہ، سوات ( خصوصی نامہ نگار +نمائندہ خصوصی+نامہ نگار ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں موجودہ سیاسی نظام مکمل طورپر ناکام ہوچکا ہے۔ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کو امریکی اور آئی ایف کی غلامی کے علاوہ کچھ نہیں آتا، اسلام میں سودی نظام کا کوئی تصور نہیں لیکن پھر بھی سودی نظام کی طرف راہ ہموار کی جا رہی ہے، ہم ایسے نظام کو نہیں مانتے جس کی شروعات سود سے ہوتی ہو، پاکستانی عوام کو مشکلات کی دلدل سے جماعت اسلامی ہی نکالے گی۔ ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے المرکزالاسلامی سنگوٹہ میں ختم بخاری اور دستارِ فضیلت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مزید کہا کہ حکمرانوں نے اتنی کرپشن کی ہے اور کر رہے ہیں کہ 100 سال تک بھی اگر ان کی نسلیں پیسے طوفان کی طرح اڑائیں تو کرپشن کی دولت ختم نہیں ہوگی، عدالتوں میں انصاف ملنا ناگزیر ہوچکا ہے، کوئی بھی ادارہ ٹھیک سے کام نہیں کر رہا، ہر طرف اداروں میںکرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔ جماعت اسلامی روز اول سے حقیقی معنوں میں مدینے کی ریاست کی طرح ریاست قائم کرنا چاہتی ہے، تقریب سے صوبائی جنرل سیکرٹری عبد الواسع، امیر ضلع حمید الحق، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر خالد فاروق اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق مہنگائی، بیروزگاری، لاقانونیت اور حکومت کی بیڈ گورننس کے خلاف جماعت اسلامی وسطی پنجاب کا پہلا دھرنا آج 13 فروری کمپنی باغ شیخو پورہ میں ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری اورامیر جماعت اسلامی ضلع شیخوپورہ رانا تحفہ دستگیر دھرنے کی قیادت کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری کے مطابق احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ 27مارچ تک جاری رہے گا۔