پی ڈی ایم دکھاوے کا اتحاد،جو مرضی کر لے حکومت کیخلاف سازش کامیاب نہیں ہو گی:عثمان بزدار
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وزیر مملکت صاحبزادہ محمد محبوب سلطان، رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ اور ایم پی اے شہبازاحمد نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور، حلقوں میں جاری فلاح عامہ کی سکیموں اور ترقیاتی منصوبوں پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں اور منتخب نمائندوں کی مشاورت سے حلقوں میں عوامی مسائل حل کر رہے ہیں۔ قوم کو وزیراعظم عمران کی قیادت پر غیرمتزلزل اعتماد ہے اور وزیراعظم عمران خان کی ایمانداری کے سامنے کرپٹ عناصر کی کوئی حیثیت نہیں۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن نے ہمیشہ منفی کردار ادا کیا ہے۔ پی ڈی ایم صرف دکھاوے کا اتحاد ہے۔ اپوزیشن جو مرضی کر لے، حکومت کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ عوامی ترقی کے راستے میں اپوزیشن کے منفی حربے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ عثمان بزدارسے وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار اورلیہ کے ارکان اسمبلی ایم این اے نیاز احمد جھکڑ، ایم پی اے شہاب الدین اور لالہ محمد طاہر نے بھی ملاقات کی، عمومی سیاسی صورتحال اور جنوبی پنجاب کے ترقیاتی امو رپر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے عوام سے کئے گئے عہد نبھارہے ہیں۔ لیہ سمیت ڈیرہ غازی خان میں قومی صحت کارڈ سے مفت علاج کی سہولت دی جارہی ہے۔ جنوبی پنجاب کے لئے مختص 200ارب روپے کسی او رجگہ منتقل نہیں ہوسکتے۔ عوام کی سہولت کیلئے سیکرٹریز کو بجٹ کے استعمال کیلئے بااختیار کردیا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے کینال روڈ پر ٹریفک حادثے میں 2 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کراچی میں وفاقی وزیر علی زیدی سے گھر جاکر سے ان کے والد کے انتقال پر افسوس کااظہار کیا۔