• news

آئندہ نسلوں کیلئے کرپشن فری پاکستان چھوڑیں گے: چیئرمین نیب


اسلام آباد(خبر نگار) قومی احتساب بیوروکے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ بد عنوانی کے ناسور سے ملک کو پاک کرنے کے علاوہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر اور خوشحال پاکستان چھوڑسکیں۔ نیب احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان سے بدعنوانی کے خاتمے کے نیب کے مشن کی کامیابی کے لیے پرعزم ہے۔ نیب نے پاکستان کو بدعنوانی سے پاک ملک بنانے کے اپنے عزم کی تکمیل کا تہیہ کر رکھا ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ بدعنوانی ایک ایسی برائی ہے جس کی تعریف اس بے ایمانی یا بد یدانتی کے الفاظ سے کی جاتی ہے جسے کوئی شخص کسی عہدے یا اتھارٹی کے ذریعے ذاتی فائدے کے لیے استعمال کرتا ہے، دوسرے لفظوں میں، بدعنوانی اس وقت ہوتی ہے جب کوئی شخص کسی عہدے پر فائز ہو اور اپنے اس منصب کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے اپنے ذاتی مفاد یا مقاصد کیلئے استعمال کرے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی معاشرے کے لئے زہر قاتل ہے، ہمارے اپنے ملک میں منی لانڈرنگ، بدعنوانی، اختیارات کا غلط استعمال، آمدن کے معلوم ذرائع سے زائد اثاثے اور بڑے پیمانے پر عوام سے دھوکہ دہی جیسے بڑے چیلنج موجود ہیں۔  چیئرمین نیب نے کہا کہ یہ واقعی ایک زہرقاتل ہے، ہمیں اسے آہنی ہاتھوں سے ختم کرنا ہو گا۔ جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب پاکستانی معاشرے سے اس برائی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے بدعنوانی کے خلاف جنگ میں مسلسل تمام سٹیک ہولڈرز کو شامل کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن